بھٹکل 25/فروری (ایس او نیوز) بھٹکل میں پرانی مچھلی مارکٹ کو فوری نئی تعمیر شدہ ہائی ٹیک مچھلی مارکٹ کی عمارت میں منتقل کرنے سوشیل میڈیا پر بحث کے بعد سلطانی محلہ اور پرانی مچھلی مارکٹ کے اطراف کے عوام نے بھٹکل میونسپالٹی کو میمورنڈم پیش کیا اور چیف آفسر پر زور دیا کہ وہ جلد سے جلد نئی تعمیر شدہ ہائی ٹیک مچھلی مارکٹ کو استعمال میں لائیں، جہاں ہر طرح کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ بھٹکل کے سرکاری اسپتال روڈ پر واقع سنتے مارکٹ کے قریب نئی ہائی ٹیک مچھلی مارکٹ کا افتتاح ہوئے تین ماہ سے زائد کا عرصہ گذرچکا ہے، مگر ابھی تک پرانی مچھلی مارکٹ کو نئی مارکٹ میں شفٹ نہیں کیا گیا ہے، اس تعلق سے گذشتہ کچھ دنوں سے سوشیل میڈیا بالخصوص "وی دی بھٹکلیس ڈسکشن گروپ" پر کھل کر بحث ہوئی تھی اور عوام الناس میں اس تعلق سے بیداری پیدا کرنے کی کوشش کی گئی تھی، جس کا فوری اثر یہ دیکھنے میں آیا کہ سلطانی محلہ کے عوام نے بھٹکل میونسپالٹی کو میمورنڈم پیش کرتے ہوئے اس بات کا مطالبہ کیا کہ پرانی مچھلی مارکٹ کو جلد سے جلد بند کرکے نئی مچھلی مارکٹ کو استعمال میں لایا جائے۔
سوشیل میڈیا میں چلائی گئی مہم میں زیادہ تر عوام اس بات پر متفق نظر آئے کہ اولڈ بس اسٹائنڈ کے قریب واقع پرانی مچھلی مارکٹ کے باہر نہ صرف مچھلیوں کی بلکہ مرغیوں کے بھی فضلہ سے گندگی پھیلی ہے اور مارکٹ کے آس پاس کا علاقہ بدبودار ہوگیا ہے ۔ ڈسکشن میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ سلطانی محلہ چونکہ بھٹکل کا سب سے پرانا اور باوقار محلہ کہلاتا ہے، اور بھٹکل اور نوائط برادری کی پہچان ہی اسی محلہ سے ہے، ایسے میں اس محلہ کو صاف ستھرا رکھنا پورے عوام کی ذمہ داری ہے۔
واضح رہے کہ نئی سنتے مارکٹ کے قریب تعمیر شدہ نئی مچھلی مارکٹ کی عمارت کا افتتاح تین ماہ قبل یعنی 22 نومبر کو ضلع کے انچارج وزیر آر وی دیش پانڈے کے ہاتھوں کیا جاچکا ہے، جہاں مچھلیاں فروخت کرنے والوں کو بھی کافی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، مگر چونکہ اتوار کو سنتے مارکٹ کے دوران ہونے والی چہل پہل کو چھوڑ کر دیگر دنوں میں یہاں لوگوں کی زیادہ چہل پہل نہیں ہوتی ، ابھی تک مچھلیاں فروخت کرنے والے لوگ منتقل نہیں ہوئے ہیں۔ اس تعلق سے دو روز قبل میونسپالٹی میٹنگ میں بھی یہ معاملہ زیر بحث آیا تھا جس میں اس بات کا فیصلہ لیا جا چکا ہے کہ ایک ہفتے کے اندر ٹینڈر بلاکر نئی مچھلی مارکٹ میں مچھلیوں کی خریدوفروخت شرو ع کی جائے۔